ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی ایرپورٹ کی بھاری چھت کا بڑا حصہ منہدم؛ انتخاب سے قبل فیتہ کاٹنے کی جلدبازی کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ ا، کانگریس کا تلخ تبصرہ

دہلی ایرپورٹ کی بھاری چھت کا بڑا حصہ منہدم؛ انتخاب سے قبل فیتہ کاٹنے کی جلدبازی کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ ا، کانگریس کا تلخ تبصرہ

Sat, 29 Jun 2024 12:13:04    S.O. News Service

نئی دہلی، 29/ جون (ایس او نیوز) جمعہ کو دہلی میں ہوئی زوردار بارش کے دوران اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمنل ون کی بھاری بھرکم چھت کا بڑا حصہ اور پلرس منہدم ہو گئے۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہونے کے ساتھ ساتھ آٹھ لوگ زخمی ہوگئے جبکہ حادثہ میں کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق این سی آر میں مانسون کی پہلی بارش کی وجہ سے جہاں لوگوں نے گرمی سے راحت کی سانس لی وہیں ان کی پریشانیوں میں اضافہ بھی ہوا۔

جمعہ کی صبح تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے نتیجے میں سڑکیں زیر آب آگئیں اور درخت اکھڑ کر گر پڑے۔

سال کی پہلی بارش نے نظامِ زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا، جگہ جگہ آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا۔

دہلی ایئرپورٹ پر چھت منہدم ہونے کا جو دردناک حادثہ پیش آیا، اس معاملے میں اپوزیشن پارٹیاں لگاتار مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ کانگریس نے اس حادثہ پر متاثرین کے تئیں ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے اسے ایک خود غرض حکمرانی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے اس حادثہ کے بعد مودی حکومت پر تلخ تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ انتخاب سے پہلے فیتہ کاٹنے کی جلدبازی کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مودی جی کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ ایسی بھی کیا جلدی تھی؟ انھوں نے پی ایم مودی کے ذریعہ کئی پروجیکٹس کے افتتاح میں جلدبازی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی جلد بازی کے سبب پرجیکٹس کی خامیاں ابھر کر سامنے آئیں ہیں۔

سپریا شرینیت نے کئی پروجیکٹس کے نام شمار کرائے ہیں جس کا افتتاح جلدبازی میں کر دیا گیا اور پھر بعد میں خامی ابھر کر سامنے آ گئی۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں بتایا کہ ’اٹل سیتو‘ کا افتتاح مودی جی نے 12 جنوری 2024 میں کیا تھا۔ 18 ہزار کروڑ کی لاگت سے بنے اس پُل میں شگاف دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جبل پور ایئرپورٹ کا افتتاح بھی مودی جی نے 10 مارچ 2024 میں کیا تھا۔ 450 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار اس ایئرپورٹ میں کینوپی کا حصہ ٹوٹ گیا۔ اسی طرح ایودھیا میں شری رام مندر کا افتتاح پی ایم مودی نے 22 جنوری 2024 کو کیا اور اس میں 1800 کروڑ روپے کی لاگت دیکھنے کو ملی، لیکن اب ادھورے مندر میں بارش کا پانی اندر ٹپک رہا ہے۔ بارش میں پانی نکلنے کا کوئی راستہ نہ ہونے سے مندر اور اس کے احاطے میں پانی جمع ہے۔

سپریا شرینیت دہلی ٹرمینل-1 ایئرپورٹ کے افتتاح کا ذکر بھی اپنے پوسٹ میں کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایم مودی نے 10 مارچ 2024 کو اس کا افتتاح کیا تھا اور اس کے بنانے میں 4600 کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی۔ یہاں 28 جون کو چھت ٹوٹ کر گر گئی جس میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی اس حادثہ کو لے کر مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 10 مارچ کو جب مودی نے دہلی ایئرپورٹ ٹرمینل ون کا افتتاح کیا تو انہوں نے خود کو دوسری مٹی سے بنایا ہوا آدمی کہا۔ یہ تمام جھوٹی تعریفیں اور بیانات صرف انتخابات سے پہلے فیتہ کاٹنے کی رسم کو مکمل کرنے کے لیے تھے۔ دہلی ایئرپورٹ سانحے کے متاثرین کے ساتھ ہماری دلی تعزیت ہے۔ متاثرین نے ایک بدعنوان، نا اہل اور خود غرض حکومت کا خمیازہ بھگتا ہے۔


Share: